ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ٹرمپ کو اس بھیڑ سے دور لے جاؤ: فلم ساز کا ٹرمپ کی بیٹی کے نام خط

ٹرمپ کو اس بھیڑ سے دور لے جاؤ: فلم ساز کا ٹرمپ کی بیٹی کے نام خط

Sat, 13 Aug 2016 16:29:05    S.O. News Service

واشنگٹن ،13؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)تمہارے والد کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔ دن بہ دن ان کی حالت بگڑتی ہی جا رہی ہے۔ ان کو مدد کی ضرورت ہے۔ کچھ کرو۔ انھیں اس بھیڑ سے دور لے جاؤ۔یہ خط معروف دستاویزی فلم ساز مائیکل مور نے ڈونلڈ ٹرمپ کی سب سے چہیتی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ کے نام تحریر کیا ہے۔ایک اور صاحب نے بھی ایوانکا کو مشورہ دیا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ وہ اپنے والد کو لے کر سیر پر نکل جائیں، مارٹینی کی چسکی لیں اور زندگی کے مزے لوٹیں۔ سیاست اب بہت ہوگئی۔امریکہ کی بورنگ سیاست کو انھوں نے بالکل ریئلٹی شو کی طرح مصالحے دار بنا دیا ہے۔وہ ہر دن کوئی ایسا کارنامہ سر انجام دیتے ہیں کہ آپ کوئی بھی نیوز چینل دیکھیں، ویب سائٹ پر چلے جائیں، صرف ٹرمپ، ٹرمپ، ٹرمپ کی ہی گونج سنائی دیتی ہے۔

ٹرمپ نے سیاست کو صحیح معنوں میں مذاق نہیں تو مزاحیہ ضرور بنا دیا ہے۔ ایک بیان دیتے ہیں، میڈیا میں ہنگامہ مچ جاتا ہے اور پھر کہتے ہیں میں نے تو بس مذاق کیا تھا۔کبھی روتے ہوئے بچے کو اپنی ریلی سے باہر نکلوا دیتے ہیں، کبھی وہ ان ویڈیوز کو دیکھنے کا دعوی کرتے ہیں جو کسی اور نے دیکھی ہی نہیں، کبھی ہلیری کو بندوق کی دھمکی دے ڈالتے ہیں، کبھی روس کو امریکہ میں نقب لگا کر کلنٹن کے ای میل چرانے کی بات کرتے ہیں اور پھر سکول کے بچے کی طرح کہہ دیتے ہیں کہ میں تو مذاق کر رہا تھا۔امریکی کامیڈی شوز کی مقبولیت ان دنوں میں نے دیکھی نہیں ہے لیکن میرا اندازہ ہے کہ وہ کم ہوگئی ہو گی۔ آخر جب 24گھنٹے کامیڈی چل رہی ہو تو رات کیگیارہ بجے تک جاگ کر کامیڈی شو کا انتظار کوئی کیوں کرے۔برطانیہ ہو، روس ہو، میکسیکو ہو، سعودی عرب ہو، بھارت ہو یا کہ پاکستان ہو، بچہ بچہ اب ٹرمپ کا نام جانتا ہے۔ کوئی انھیں سر پر بٹھا کر پوج رہا ہے تو کوئی ٹھوکر مار رہا ہے لیکن ٹرمپ کو اب سبھی جانتے ہیں۔

ٹرمپ کے ہوٹلوں اور گولف کورس میں جانے والوں کی تعداد کم ہو رہی ہے۔ امریکہ کو عظیم بناتے بناتے کہیں وہ خود کنگال نہ ہو جائیں۔جو انسان میکسیکو کی سرحد پر ایسی اونچی دیوار بنانے کی بات کر رہا ہو جس کو پار کر کے کوئی امریکہ میں گھس نہ سکے، اس کے اپنے گھر یعنی 58منزلہ ٹرمپ ٹاور کی دیوار پر ایک سر پھرا 21ویں منزل تک چڑھ آیا اور نیویارک کی ٹریفک ٹھپ ہوگئی۔جس رپبلکن پارٹی کے ٹکٹ پر وہ انتخابات میں کھڑے ہیں اس کے بڑے بڑے لیڈر اب کہہ رہے ہیں کہ پارٹی فنڈز کا استعمال ٹرمپ کے انتخابات میں نہیں بلکہ امریکی کانگریس کے انتخابات میں کیا جائے۔

ایسے میں تو سیاست کو بور لوگوں کے حوالے کر کے ٹرمپ کو اپنی دنیا میں جانے کا مشورہ دینے والوں کی باتیں انھیں سن لینی چاہیں۔شین وارن کی طرح پورے فارم میں رہتے ہوئے ریٹائر ہوں گے تو اس کا انداز ہی کچھ اور ہوگا۔ ورنہ، نام نہیں لوں گا، لیکن کئی ایسی عظیم شخصیات ہوئی ہیں جنھیں لوگ سامنے تو سراہتے رہے تاہم پیچھے سے کہتے تھے، کب جائے گا، والی حالت نہ ہو جائے۔پرائمری مقابلوں میں 17امیدواروں کو شکست دے کر انھوں نے ایک تاریخ رقم کی۔ اگر انتخابات سے ڈھائی ماہ قبل امیدواری واپس لے لیں، تو وہ بھی ایک تاریخی فیصلہ ہی ہوگا۔لوگ انھیں برسوں تک یاد کریں گے، دنیا بھی چین کا سانس لے گی۔


Share: